کازان: فیفا ورلڈ کپ کے پہلے پری کوارٹر فائنل میچ میں فرانس نے ارجنٹینا کو تین کے مقابلے میں چار گولوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
روس میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کا پہلا میچ فرانس اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلا گیا، میچ کا پہلا گول فرانس کے گریزمین نے کھیل کے 12ویں منٹ میں کیا جسے 41ویں منٹ پر ارجنٹینا کے اینجل ڈی ماریا نے برابر کر دیا، اس سنسنی خیز مقابلے کا اگلا گول ارجنٹینا کے گیبرئیل میرکیڈو نے کیا اور اپنی ٹیم کو 1-2 سے برتری دلا دی۔
ارجنٹینا زیادہ دیر یہ برتری قائم نہ رکھ سکا اور فرانس کے پاویرڈ نے ایک شاندار گول کر کے میچ برابر کر دیا، اس کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف بڑھ چڑھ کر حملے شروع کر دیے تاہم فرانس نے بہتر کھیل پیش کیا اور مزید دو گول کر کے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
ارجنٹینا کے کیلین اگیورو نے میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل گول کر کے ایک بار پھر سنسنی پھیلا دی جس کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں نے مزید ایک گول کرنے کی بھرپور کوششیں شروع کر دی تاہم فرانس کے دفاعی کھلاڑیوں نے انہیں مسلسل ناکام بنا کر یہ میچ 3-4 سے جیت لیا۔