اسلام آباد: بیوروکریسی میں تقرریوں اور تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئی تقرریوں اور تبادلوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق گریڈ 22 کے افسر ڈاکٹر محمد سلیمان خان کا ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو سے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) میں تبادلہ کر دیا گیا ہے جبکہ گریڈ 22 کے لیفٹیننٹ ریٹائرڈ احسان غنی کو ڈائریکٹرجنرل انٹیلی جنس بیورو بنا دیا گیا ہے۔
اسی طرح سپریم کورٹ کے احکامات پر گریڈ 22 کے افسر سرداراحمد سکھیرا سیکرٹری انفارمیشن، گریڈ 22 کےارشد مرزا سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن اورپروفیشنل ٹریننگ تعینات کردیا گیا۔
اسی طرح وفاقی حکومت کی منظوری سے گریڈ 21 کے افسر عشرت علی کو چیئرمین سی ڈی اے تعینات کردیا گیا ہے۔
رواں ماہ ہی نو روز قبل پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلوں اور تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس کے تحت نگراں حکومت نے صوبے بھر کی بیوروکریسی میں ردوبدل کرتے ہوئے کئی سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزکو تبدیل کیا تھا۔