اسلام آباد: پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں ہوئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثارنے معزز جج سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں معزز جج صاحبان کے علاوہ سینئروکلا اوراٹارنی جنرل آف پاکستان نے بھی شرکت کی۔
جسٹس یحیٰ آفریدی پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے منصب پر فائزتھے۔ معزز جج سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے سربراہ بھی رہے ہیں۔
جسٹس یحیٰ آفریدی نے مارچ 2018 میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت سے معذرت کرلی تھی جس کے سبب بینچ ٹوٹ گیا تھا۔
جسٹس یحیٰ آفریدی 2016 میں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ مقرر ہوئے تھے۔
سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز افضل کی ریٹائرمنٹ سے عدالت عظمیٰ میں موجود جج صاحبان کی تعداد 16 ہوگئی تھی۔ جسٹس یحیٰ آفریدی کے حلف اٹھانے سے تعداد 17 ہوگئی ہے۔
عدالت عظمیٰ پاکستان میں آئینی و قانونی اعتبارسے جج صاحبان کی منظور شدہ تعداد 17 ہے۔
جسٹس یحیٰ آفریدی دستیاب ریکارڈ کے مطابق 2030 تک سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج رہیں گے۔