عابد شیر علی کے بھائی الیکشن لڑنے کیلیے نااہل قرار

عابد شیر علی کے بھائی الیکشن لڑنے کیلیے نااہل قرار | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: سابق وفاقی وزیر، ن لیگی رہنما عابد شیر علی کے بھائی اور پی پی 117 فیصل آباد سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے عمران شیر علی انتخاب میں حصہ لینے کے لیے نا اہل قرار دے دیے گئے ہیں۔

بدھ کو سامنے آنے والے فیصلے میں لاہور ہائی کورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کا وہ فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جس میں عمران شیر علی کے کاغزات نامزدگی منظور کیے گئے تھے۔

پی پی 117 کے ووٹر نفس علی نے عمران شیر علی کے خلاف اپیلٹ ٹربیونل سے رجوع کیا تھا جس پر جسٹس علی اکبر قریشی نے ن لیگی امیدوار کو نااہل قرار دیا۔

درخواست گزار نے سابق پارلیمینٹیرین شیر علی کے صاحبزادے کو نااہل قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ عمران شیر علی سوئی گیس کے 55 لاکھ 79 ہزار 27 روپے کے نادہندہ ہیں، ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کے باوجود کاغذات نامزدگی منظور کیے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کا تعین کرنے کے لیے درکار نشستوں میں فیصل آباد اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ن لیگ کے متعدد اہم نام اسی علاقے سے میدان انتخاب میں اترتے ہیں۔

دریں اثناء لاہور ہائی کورٹ میں قائم انتخابی ٹربیونل نے این اے 113 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار حیدر علی کھرل کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے حیدر علی کو نااہل قرار دے دیا۔

درخواست گزار نے ٹربیونل کے سامنے موقف اختیار کیا تھا کہ حیدر علی کھرل ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے 30 لاکھ کے نا دہندہ ہیں۔


متعلقہ خبریں