لاہور: رات بھر ہونے والی بارش کے سبب قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورہ زمبابوے پر روانہ ہونے سے ایک دن قبل پریکٹس نہیں کر سکے۔ دورہ زمبابوے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا آغاز 25 جون سے لاہورمیں کیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث کھلاڑیوں کو آرام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
جولائی میں پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان ہونے والی تین ملکی ٹی 20 انٹرنیشل سیریز میں شرکت کے لیے قومی ٹیم 28 جون کو پاکستان سے زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے روانہ ہوگی۔ سہ فریقی ٹی 20 ٹورنامنٹ یکم سے آٹھ جولائی تک کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم یکم جولائی کو زمبابوے کے، دو جولائی کو آسٹریلیا کے، چار جولائی کو زمبابوے کےاور پانچ جولائی کو آسٹریلیا کے مد مقابل ہو گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل آٹھ جولائی کو کھیلا جائے گا۔
ہرارے میں ٹی 20 سیریزکے بعد پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس میں صرف پاکستان اور زمبابوے آمنے سامنے ہوں گے۔
پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز 13، 16، 18، 20 اور 22 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔
دورہ زمبابوے کے لیے منتخب قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کپتان سرفراز احمد کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، حسین طلعت، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، عثمان خان شنواری، شاہین آفریدی اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔