بلاول جمعرات کو پیپلز پارٹی کے انتخابی منشور کا اعلان کریں گے


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنا دسواں انتخابی منشور تیار کرلیا ہے جس کا اعلان 28 جون کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

ترجمان پییپلز پارٹی سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا انتخابی منشورمحروم طبقات کا منشور ہے جس میں معاشرے کے تمام مسائل کا حل دیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ منشور کا اعلان بلاول بھٹو زرداری رواں ہفتے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کریں گے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پیپلز پارٹی منشورمیں جو وعدے کرے گی، پورے کرے گی، انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے اپنا پہلا انتخابی منشور ذوالفقارعلی بھٹو کی قیادت میں 1970 کے انتخابات میں جاری کیا تھا جبکہ بے نظیر بھٹو نے چھ منشور دیے اور الیکشن 2018 میں بلاول بھٹو کی قیادت میں پہلا منشور جاری  کر رہے ہیں۔

ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے منشور کی تیاری میں خاصی دلچسپی لی ہے اور منشور میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو الیکشن کے بعد اپنے منشور پر عمل بھی کرتی ہے۔


متعلقہ خبریں