مقبوضہ کشمیر میں بے گناہوں کی شہادت کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال


سری نگر: مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم، بے گناہ نہتے نوجوانوں کی شہادت اور جعلی مقابلوں  کے خلاف حریت رہنماؤں کی اپیل پر شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔

قابض بھارتی افواج نے روایتی بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ روز بھی کلگام میں جعلی مقابلے میں تین نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔ نوجوانوں کی بے گناہ شہادت پر حریت قائدین نے ہڑتال کی کال دی تھی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے مقبوضہ وادی کشمیر میں ہڑتال کی کال دی  ہے۔

قابض بھارتی افواج کے مظالم اورجعلی مقابلوں سمیت وادی میں کیے جانے والے ریاستی آپریشن کے خلاف گزشتہ روز شہریوں نے بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس و دیگر ریاستی اداروں کی جانب سے بھرپور طاقت کا ستعمال بھی ہوا تھا۔

احتجاجی کال کو ناکام بنانے اوردنیا کو بھارت کے ریاستی مظالم سے بے خبر رکھنے کے لیے انتظامیہ نے ضلع کلگام اور اسلام آباد میں موبائل فون سروس سمیت انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ہے۔ کٹھ پتلی حکومت نے علاقے میں پولیس اوردیگر فورسز کی تعداد میں بھی بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں