پی ٹی آئی رہنما علیم خان ایک ارب روپے سے زائد کے مقروض نکلے !

فائل فوٹو۔–


لاہور: پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر رہنما علیم خان ایک ارب 21 کروڑ 86 لاکھ 32 ہزار 281 روپے کے مقروض ہیں۔ ان کے کل اثاثوں کی مالیت 91 کروڑ 82 لاکھ 78 ہزار 855 روپے ہے۔ پاکستان میں ان کا صرف 90 ہزار روپے کا کاروبار ہے۔

پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے کاغذات نامزدگی میں درج تفصیلات کے مطابق ذاتی پراپرٹی کی مالیت 15 کروڑ 92 لاکھ 75 ہزار 737 روپے ہے۔ ان کے بیرون ملک کاروبار کا سرمایہ 81 لاکھ 38 ہزارپانچ روپے ہے۔

الیکشن کمیشن کو دی جانے والی تفصیلات کے مطابق علیم خان کے لاکھوں شیئرز کی مالیت 12 کروڑ 93 لاکھ 53 ہزار 990 روپے ہے۔ اندرون ملک ان کی 43 کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔ بیرون ملک رجسٹرڈ ان کی کمپنیوں کی تعداد تین ہے۔

علیم خان نے کاغذات نامزدگی میں الیکشن کمیشن کو بتایا ہے کہ ان کے پاس تین کروڑ 47 لاکھ 21 ہزار 652 روپے مالیت کی بیش قیمت گاڑیاں ہیں۔ ان کے پاس موجود گاڑیوں میں تین لینڈ کروزر اورایک ہنڈا سوک شامل ہے۔

پی ٹی آئی پنجاب کے صدر علیم خان کے پاس نو لاکھ 94 ہزار 760 روپے کی جیولری ہے،بینک میں چھ کروڑ 40 لاکھ 82 ہزار21 روپے ہیں اور موجود نقد رقم کی مالیت نو لاکھ  35 ہزار دوسو روپے ہے۔

19 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کا فرنیچر بھی الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں علیم خان کی ملکیت تسلیم کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں