نیب کا پی ٹی آئی کے عبدالعلیم خان پر نوازشات کا نوٹس


اسلام آباد: چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جاوید اقبال نے تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان  کے اسلام آباد میں واقع رہائشی منصوبے پارک ویو انکلیو کو لیگل کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کو شکایات کی جانچ پڑتال کا حکم دے دیا۔

چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب کے اجلاس میں اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے نے عبدالعلیم خان کی اس ہاؤسنگ سوسائٹی کو غیرقانونی قرار دیا  اور اس کے خلاف اشتہارات بھی دیے  لیکن بعد ازاں اس سوسائٹی کا نقشہ بھی پاس ہوا اور اسے  قانونی بھی قرار دے دیا گیا۔

اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے غیر قانونی سوسائٹی کا ڈیزائن تین دن میں بحال کیا اور سوسائٹی میں غیرقانونی طور پر سو فٹ روڈ بنانے کی اجازت بھی دے دی۔

چئیرمین نیب نے ہدایت کی کہ اس امر کی تحقیقات کی جائے کہ پارک ویو انکلیو کا نقشہ کیسے پاس ہوا اور اسے کس طرح قانونی قرار دیا گیا۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے دس ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کو دو ارب 20 کروڑ روپے واپس کردیے ہیں جبکہ دیگر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت بھی کردی ہے۔


متعلقہ خبریں