لاہور: مسلم لیگ نون کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت ہے تو سامنے لایا جائے، عمران خان کا چورن اب نہیں بکے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنے ہی کارکنوں سے منہ چھپائے بیٹھے ہیں جس کا واضح ثبوت ان کا سلاخوں کے پیچھے کھڑے ہو کر کارکنوں سے خطاب کرنا ہے۔
ترجمان مسلم لیگ نون نے کہا کہ عمران خان نے 24 جون سے انتخابی مہم چلانے کا اعلان کردیا ہے، عمران خود کو شریف کہتے ہیں لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے، عمران خان کی مہم شریفوں کے خلاف شروع ہوتی ہے اور شریفوں پر ہی ختم ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) میں طلبی صرف نون لیگ کے رہنماؤں کی ہی ہو رہی ہے جو یہ ثابت کرتی ہے کہ عوام کی خدمت کرنے والوں کے خلاف سازش کی جا رہی ہے، منتخب وزیراعظم نواز شریف سو سے زائد بار نیب عدالت کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اعتزاز احسن کے بیان پر دکھ ہوا کیونکہ انسانی جذبات کو پامال کرنا کسی طور بھی ٹھیک نہیں، کسی کی بیماری کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیئے اور نہ ہی کسی کی بیماری پر سیاسی تنقید کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کا ملکی سیاست میں اہم کردار رہا ہے اُن کی جلد صحت یابی کے لیے دُعا گو ہیں۔