زیادہ سے زیادہ وقت کلثوم کے ساتھ گزارنا چاہتا ہوں، نواز شریف


لندن: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ وقت کلثوم نواز کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔

ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں جب اسپتال پہنچا تو کلثوم نواز بے ہوش تھیں، وہ پچھلے پانچ  چھ  دن سے ہوش میں نہیں آئیں، میری  کلثوم  نواز سے کوئی بات نہیں ہوئی، ان کی حالت تشویشناک ہے، میری سب لوگوں سے دعا کی درخواست ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ انہیں ہارٹ اٹیک ہوا ہے، جب سے آیا ہوں کلثوم نواز ہوش میں نہیں آئیں، انہیں آئی سی یو میں کچھ  دیر دیکھ  لیتا ہوں، انسان کی زندگی میں مشکلات ایک ساتھ آ جاتی ہیں، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام مشکلات آسان ہوں۔

اس موقع پر ایک صحافی نے نوازشریف سے پوچھا کہ آپ کے 30 سال پرانے ساتھی چھوڑ گئے ہیں تو انہوں نے دریافت کیا کہ آپ کس کی بات کر رہے ہیں، جواب میں چوہدری نثار کا حوالہ دینے پر وہ بغیر جواب دیے چلے گئے۔

نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ ان کی والدہ کلثوم نواز بے ہوش  اور ہائی رسک  پر ہیں، وہ ابھی تک وینٹی لیٹر پر ہیں جہاں روزانہ ان کا معائنہ کیا جاتا ہے،  ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ وہ ہائی رسک پر ہیں۔

ایک صحافی نے ان سے دریافت کیا کہ کیا بیگم کلثوم نواز بات سنتی ہیں تو حسین نواز نے جواب دیا کہ وہ بے ہوش ہیں، ہوش میں آنے کے بعد ہی پوچھ  سکتے ہیں کہ وہ سن سکتی ہیں یا نہیں۔

نوازشریف اور مریم نواز کے لندن پہنچنے سے ایک روز قبل بیگم کلثوم نواز کو ہارلے کلینک داخل کیا گیا تھا، اطلاعات کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا تھا، مریم نواز نے ٹویٹ کے ذریعے ایک سے زائد بار عوام سے اپنی والدہ کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔


متعلقہ خبریں