شہبازشریف کو نیب لاہور نے طلب کرلیا

فوٹو: فائل


لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو نیب لاہور نے طلب کرلیا ہے۔

نیب لاہور نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کوہدایت کی ہے کہ وہ 25 جون کو ریکارڈ سمیت نیب لاہوردفتر میں پیش ہوں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ شہباز شریف اس وقت اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن میں موجود ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ڈاکٹروں نے وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اپنی صاحبزادی مریم نواز کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں۔

صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں شہبازشریف کو نیب لاہورنے چارجون کو بھی طلب کیا تھا۔ سابق وزیراعلیٰ کو اس وقت بھی ہدایت کی گئی تھی کہ وہ تمام ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہوں۔

نیب لاہور صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں چاراعلیٰ افسران  ناصر قادر، ڈاکٹر ظہیرالدین، محمد سلیم اور محمد مسعود اختر کو پہلے ہی گرفتار کرچکا ہے۔

صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں سابق صوبائی وزیرخزانہ عائشہ غوث پاشا اورسابق رکن صوبائی اسمبلی وحید گل بھی نیب لاہورمیں پیش ہو چکے ہیں۔

نیب لاہورکے مطابق ملزمان کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ملزمان پر 116 واٹر فلٹریشن پلانٹس انتہائی مہنگے داموں نصب کرانے کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں