شہباز شریف اپنی بھابی کی عیادت کے لیے کل لندن روانہ ہوں گے


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہبازشریف کل صبح لندن روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنی بھابی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کریں گے اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف اور ان کے اہل خانہ کے ہمراہ عید منائیں گے، سلمان شہباز بھی اپنی فیملی کے ساتھ  لندن میں موجود ہیں۔

سابق وزیرداخلہ چوہدری نثاراحمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیگم  کلثوم  نواز نے اپنی بیماری کا مقابلہ بڑی ہمت سے کیا ہے  اور وہ  دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد سے جلد صحت یاب فرمائے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے اپنے الگ الگ بیانات میں بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور ان کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے۔

بیگم کلثوم نواز کی تیمارداری کے لیے مختلف شخصیات ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچ رہی ہیں، پاکستانی ہائی کمشنر ابن عباس، سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سلمان شہباز اور نصرت شہباز بھی اسپتال پہنچ گئے، اسحاق ڈار نے اس موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں ٹھیک ہوں۔

حسین نواز نے لندن میں ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی والدہ کی طبیعت بہت خراب ہے، ابھی کچھ  نہیں کہا جا سکتا کہ والدہ کب تک وینٹی لیٹر پر رہیں گی، ڈاکٹرز کا خیال ہے کہ خون کا لوتھڑا دل میں جانے کی وجہ سے والدہ  کو ہارٹ اٹیک ہوا، پوری قوم سے دعاؤں کی درخواست ہے۔


متعلقہ خبریں