میرانشاہ: سیکیورٹی فورسز کی شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 6 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی زخمی ہو گیا۔
دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد مارے گئے جبکہ مارے جانے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی(ف) نے بھی سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں دینے کی مخالفت کر دی
مارے جانے والے دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث تھے۔ مارے جانے والے دہشتگرد شہریوں کے اغوا سمیت دہشتگردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور علاقہ مکینوں نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔