اسرائیلی مظالم، پاکستان عالمی عدالت میں آج اپنا مؤقف پیش کرے گا

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان آج عالمی عدالت انصاف میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نگران وزیر قانون احمد عرفان اسلم آج عالمی عدالت انصاف میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور پاکستان کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مظالم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی طرز عمل سے پیدا ہونے والے نتائج پر عالمی عدالت انصاف کی مشاورتی کارروائی جاری ہے اور یہ کارروائی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی طرف سے عالمی عدالت سے مشاورتی رائے کے لیے کی گئی درخواست پر شروع ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: نئی حکومت کا آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر تک قرض لینے پر غور، بلوم برگ

واضح رہے کہ امریکہ نے عالمی عدالت انصاف سے فلسطین پر اسرائیل کی بربریت کے خلاف فیصلہ نہ دینے کی اپیل کر رکھی ہے۔

امریکی نمائندے نے عالمی عدالت انصاف میں اپنے دلائل میں کہا تھا کہ اسرائیل کو فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے نکالنے کا مطالبہ کرنے کے لیے سیکیورٹی کے تحفظات کو پیش نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کا غیر مشروط انخلا نہیں ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں