پاک فوج کے سپہ سالار جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت یا خلاف ورزی کا بھر پور جواب دے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نگراں وزیراعظم اور آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا ہے جبکہ سپہ سالار اس موقع پر ساریان سیکٹر میں ایل او سی پر بھی گئے اور اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے پوری مہارت رکھتی ہے اور موثر جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مظفرآباد میں یادگار شہداء پر بھی حاضری دی او شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف عاصم منیر کے دورہ آزاد کشمیر کے موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق بھی موجود تھے۔
ایل او سی کے دورے پر آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ سپہ سالار نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قیادت نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کی مذمت کی ہے۔ قبل ازیں مظفرآباد آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر کا استقبال کیا۔