پرویز خٹک،مولانافضل الرحمٰن اور غلام احمد بلور بھی نادہندہ نکلے

پرویز خٹک،مولانافضل الرحمٰن اور غلام احمد بلور بھی نادہندہ نکلے | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مندوں میں سے 268 انتخابی امیدواران ایسے ہیں جو سوئی نادرن گیس پائپ لائن کمپنی (ایس این جی پی ایل) کے نادہندہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق انتخابی کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے دوران انکشاف ہوا کہ نادہندگان میں پرویز خٹک، حامد سعید کاظمی، مولانافضل الرحمٰن،غلام احمد بلور، الیاس احمد بلور اور دیگر شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک پر دس کروڑ 65 لاکھ 75 ہزار 71 روپے اور آٹھ کروڑ 24 لاکھ 22 ہزار 320 روپے دو مدوں میں واجب الادا ہیں۔ ذرائع کےمطابق پرویز خٹک ’ہوتی گیس‘ سی این جی اسٹیشن اور’ موٹروے ان ‘ سی این جی اسٹیشن کے بھی مالک ہیں۔

سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل) کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق  حامد سعید کاظمی اورمولانافضل الرحمٰن بھی اس کے نادہندگان میں شامل ہیں۔

’ہم نیوز‘ ذرائع کے مطابق امجد خان آفریدی 21 کروڑ 62 لاکھ روپے، دلدار خان 17 کروڑ 42 لاکھ روپے اورحاجی غلام احمد بلور 14 کروڑ 46 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔

اسکروٹنی کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ الیاس احمد بلور 55 ہزار روپے سے زائد اور سردار میر بادشاہ خان 37 ہزار سے زائد کے نادہندگان میں شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی 100 نادہندہ افراد کی فہرست گزشتہ روزالیکشن کمیشن کو بھجوائی تھی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نادہندہ افراد پر مشتمل جو 100 رکنی فہرست تیار کی گئی تھی اس میں میاں منظور احمد وٹو، حنا ربانی کھر اور عبدالستاربچانی سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

کاغذات کی اسکروٹنی کا عمل 19 جون تک جاری رہے گا اور مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک دائر کی جا سکیں گی اوران اپیلوں کو 27 جون تک نمٹایا جائے گا۔

امیدواروں کی نظرثانی شدہ ابتدائی  فہرست 28 جون کو آویزاں کی جائے گی۔

امیدوار 29 جون تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے مجاز ہوں گے۔  الیکشن کمیشن انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرست 30 جون کو جاری کرے گا۔ ملک بھر میں عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد ہوں گے۔


متعلقہ خبریں