دھمکی آمیز تقریر، پیپلز پارٹی امیدوار کو نوٹس جاری


کراچی: الیکشن کمیشن نے سندھ کے ضلع سانگھڑ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی جانب سے دھمکی آمیز تقریر کرنے کا نوٹس لے لیا۔

سندھ کے ضلع سانگھڑ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 41 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار علی حسن ہنگورو نے خطاب کے دوران پارٹی کارکنوں اور ووٹرز سے خطاب کے دوران دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا۔

علی حسن ہنگورو نے کہا کہ جیالے اور کارکن سیدھے ہوجائیں اور مجھے کامیاب کرائیں، ورنہ 8 فروری کے بعد 9 فروری بھی آئے گا اور اُن سے جو حساب لیا جائے گا وہ پورا سانگھڑ دیکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے مزید ٹکٹ جاری کر دیئے

پیپلز پارٹی کے امیدوار علی حسن ہنگورو کی تقریر سوشل میڈپا پر وائرل ہو گئی جس کے بعد جوائنٹ الیکشن کمشنر سندھ اصغر سیال نے ضلعی مانیٹرنگ ٹیم کو کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔ جس پر سانگھڑ کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اختر علی نے پیپلز پارٹی امیدوار علی حسن ہنگورو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت کے لیے منگل کو طلب کر لیا۔

علی حسن ہنگورو کو جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا کہ اس قسم کی دھمکی آمیز تقریر سے امن و امان کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اور یہ الیکشن کمیشن کے پیرا نمبر 10 اور 42 کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاستدانوں کی نااہلی تاحیات نہیں ہو گی، سپریم کورٹ کا فیصلہ، نواز شریف اور جہانگیر ترین سیاست میں اِن

الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی امیدوار کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تقریر کی وضاحت کریں بصورت دیگر ان کے خلاف الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 234 کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ایک تقریر کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ نواز شریف کو اس بات کا اندازہ ہے شاید چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے اور ہر کسی کا یہ حق ہے کہ وہ یہ یقین رکھے لیکن اگر نواز شریف کو یقین ہوتا تو وہ مہم چلا رہے ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا چہرہ ہر وقت اترا ہوا ہے اور مجھے تو نہیں لگتا کہ یہ وہ آدمی ہے کہ جو چوتھی بار وزیراعطم بنے گا۔


متعلقہ خبریں