لاہور: پنجاب کے مرکزی شہر لاہور میں اسموگ کے باعث آج مکمل لاک ڈاؤن رہے گا جبکہ اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں نقل و حمل محدود رکھنے کا حکم دے دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اسموگ سے متاثرہ علاقوں جن میں گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژنز شامل ہیں ان کے تمام اضلاع پر پابندیاں لاگو ہوں گی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اتوار کو بازار دن 4 بجے کے بعد کھولے جا سکیں گے۔ میڈیکل اسٹورز، پیٹرول پمپس، بیکریز، کریانہ اسٹورز، یوٹیلیٹی اسٹورز، کال سینٹرز اور انٹرنیشنل آئی ٹی سینٹرز پر بابندیوں کا اطلاق نہیں ہو گا۔
لاک ڈاؤن کی وجہ سے لاہور کے مال روڈ پر گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں پہلے سے طے شدہ امتحانات اور انٹری ٹیسٹ بھی شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد میں فائرنگ، 3 افراد جاں بحق
ریلیف کمشنر نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو اسمارٹ لاک ڈاؤن یقینی بنانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسر فیلڈ میں موجود رہیں اور احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ گزشتہ 2 روزہ لاک ڈاؤن سے اسموگ میں کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بچوں کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ اسموگ جیسی خطرناک آفت کا مقابلہ مل کر کرنا ہو گا۔