آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار، بورڈ حکام حارث کے رویے سے مایوس


دورہ آسٹریلیا کے لیے جانے سے انکار کرنے والے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف مشکلات سے دوچار ہو سکتے ہیں جہاں ان کے سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری میں تنزلی کے ساتھ ساتھ انہیں بگ بیش لیگ کے لیے این او سی کے اجرا سے بھی محروم کیا جا سکتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انتہائی معتبر ذرائع نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں کچھ عہدیدار حارث رؤف کے رویے سے نالاں ہیں اور وہ لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید کے بیانات پر بھی مایوسی کا شکار ہیں جنہوں نے فاسٹ باؤلر کے حق میں بیان دیتے ہوئے ان کا دفاع کیا ہے۔

پاکستان ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے دورہ آسٹریلیا کے لیے رضامندی ظاہر کرنے کے باوجود بعد میں جانے سے انکار کرنے پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا تھا کیونکہ حارث نے ورک لوڈ اور فٹنس مسائل کے سبب ٹیسٹ سیریز کے لیے عدم دستیابی ظاہر کی تھی۔

ذرائع نے مزید کہا کہ بورڈ کی جانب سے حارث رؤف کو بگ بیش لیگ کے لیے این او سی کا اجرا بھی روکا جا سکتا ہے، حفیظ اور وہاب ریاض دونوں حارث کے رویے سے کافی مایوس ہیں اور اس حوالے سے پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

حارث نے کیریئر کا واحد ٹیسٹ میچ گزشتہ سال دسمبر میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا جس میں انہوں نے صرف 13 اوورز کیے تھے اور اس کے بعد انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

 


متعلقہ خبریں