عمران خان نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی، آج مدینہ جائیں گے


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیر کے روز اپنی اہلیہ بشریٰ مانیکا کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی۔

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق عمران خان منگل کو  روزہ رسول ﷺ پر حاضری کے لیے مدینہ منورہ پہنچیں گے اور نوافل ادا کریں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین جدہ میں شوکت خانم  فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں بھی شریک ہوں گے۔

عمران خان پیر کی شام چارٹرڈ طیارے کے ذریعے نور خان ایئر بیس سے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے، اہلیہ کے علاوہ عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری اور پولیٹیکل سیکرٹری عون چوہدری بھی ان کے ہمراہ ارض مقدس گئے ہیں۔

پروگرام کے مطابق عمران خان کو دوپہر ایک بجے سعودی عرب روانہ ہونا تھا لیکن ایف آئی اے حکام نے زلفی بخاری کو ان کا نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث طیارے سے اتار لیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب جانے سے روکے جانے کے بعد زلفی بخاری نے اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے کافی تگ و دو کی اور بالآخر عمرے پر جانے کی اجازت لینے میں کامیاب ہو گئے۔

ذرئع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کو عمرے پر جانے کی اجازت دی ہے اور انہیں یہ اجازت چھ  دن کے لیے دی گئی ہے۔

زلفی بخاری کو اجازت ملنے میں تاخیر کے باعث عمران خان کا طیارہ دوپہر ایک بجے کے بجائے شام چار بج کر 12 منٹ پر روانہ ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں