پیپلز پارٹی مینار پاکستان جلسے جتنے لوگ اکھٹے کر لے، ریڈ کارپٹ بچھاؤں گا، محمد زبیر


کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مینار پاکستان جتنے لوگ اکٹھے کر لے میں ریڈ کارپٹ بچھانے کو تیار ہوں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور سندھ کے کارکنان نے مینار پاکستان جلسے میں بھرپور حصہ لیا جبکہ کارکنان میں اتنا جوش وخروش پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لگ رہا ہے سندھ میں متحرک جماعت مسلم لیگ ن ہی ہے۔ ہماری انتخابی مہم شروع ہو چکی ہے اور مسلم لیگ ن انتخابات میں بھرپور انداز سے حصہ لے گی۔

یہ بھی پڑھیں: غلطیوں کو نہیں دہرانا چاہیے، یہ 2017 والا پاکستان نہیں، مشاہد حسین سید

محمد زبیر نے کہا کہ پارٹی کارکنان نے 2017 میں مشکل حالات کا مقابلہ کیا جب مسلم لیگ ن کو توڑنے کی کوششیں کی گئیں۔ پیپلز پارٹی کے کارناموں کا سب کو پتا ہے تاہم سندھ کے لوگوں کو ہم اپنی کارکردگی پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت مشکل فیصلے نہ کرتی تو آج حالات بہتر نہ ہوتے تاہم مشکل فیصلوں کے اثرات آج نظر آ رہے ہیں اور جو ہمیں ڈیل کا کہہ رہے ہیں وہ مینار پاکستان میں اتنا بڑا جلسہ کر کے دیکھ لیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ انتخابات کا اعلان ہونے پر نواز شریف کمپین کو لیڈ کریں گے اور سندھ میں مہم کے لیے نواز شریف، مریم نواز آئیں گے۔


متعلقہ خبریں