عالمی ورلڈ کپ کے دوران آئی سی سی نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بادشاہت برقرار ہے۔
آئی سی سی نے بدھ کو تازہ ترین رینکنگ اپ ڈیٹ کی ہے جس کے مطابق بابر اعظم 836 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے بیٹرز میں سرفہرست جبکہ بھارتی اوپنر شبمن گل 818 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں پاکستان کا کوئی بولر ٹاپ 10 میں جگہ نہ بنا سکا البتہ شاہین آفریدی ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔
پاکستان کی اوپننگ جوڑی امام الحق اور فخر زمان جو پہلے ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل تھی اب بالترتیب 10 ویں اور 13 ویں نمبر پر ہیں۔
فخر زمان مسلسل خراب فارم کی وجہ سے ٹاپ 10 کی فہرست سے باہر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اپنے گزشتہ آٹھ میچز میں کسی بھی اننگز میں 30 رنز سے زیادہ اسکور نہیں کیا۔
بابر اعظم واحد بلے باز ہیں جو ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ کرکٹ کے ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔ وہ ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں چوتھے جبکہ ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی چوتھے نمبر پر ہیں۔