سیالکوٹ: سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ 2018 کے انتخابات کا فیصلہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے خلاف آئے گا۔
سیالکوٹ کے مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کل بھی ہمارا لیڈر تھا اور آج بھی ہمارا لیڈر ہے، نواز شریف نے کراچی سے گلگت تک دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نواز شریف کی ہی حکومت تھی جس میں بڑے بڑے فیصلے کیے گئے، عوام ہم سے آسمانی مخلوق سمجھ کر نہیں ہماری وفاداریاں دیکھ کر ملیں، ہم نے اچھے اور بُرے وقت میں بھی وفاداریاں نہیں بدلیں۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے باسیوں نے پانچ بار میرے والد اور پانچ بار ہی مجھے کامیاب کرایا ہے، پورے ملک میں ایسا کوئی نہیں جس کی دو نسلوں نے دس بار انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے، شہر اقبال کے پیار بانٹنے اور وفاؤں کے عظیم لوگوں کا مقابلہ وہ لوگ نہیں کرسکتے جن کا کوئی سیاسی شجرہ نسب تک نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 2002 میں پرویز مشرف کا سورج پوری آب وتاب میں تھا لیکن اس وقت بھی عوام نے مجھے ہی ووٹ دیا اور اب بھی ووٹ مجھے ہی ملیں گے۔