منیلا: فلپائن کے دارالحکومت منیلا کی 2 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 16 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلپائن کے جس گھر میں آگ لگی وہاں مالک مکان اپنے رشتے داروں کے ساتھ رہ رہا تھا اور دونوں منزلوں پر مجموعی طور پر 3 خاندان رہائش پذیر تھے۔
رہائشی عمارت کے زیر زمین منزل میں کپڑوں کی پرنٹنگ کی جاتی تھی اور وہیں کپڑوں کا گودام بھی تھا جبکہ مبینہ طور پر آگ بھی اسی میں لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر میں پھیل گئی۔
ہلاک ہونے والوں میں مالک مکان، اہل خانہ اور ملازمین شامل ہیں جبکہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے 3 گھنٹے کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کے عمل میں مزید 2 گھنٹے لگ گئے۔ امدادی کاموں کے دوران 16 لاشیں نکالی گئیں اور 3 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔