آئی ایس آئی سے رقم نہیں لی، نوازشریف کا سپریم کورٹ میں جواب


اسلام آباد: اصغرخان کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا ہے۔

عدالت میں پیش کیے گئے جواب کے مطابق 1990 کی الیکشن مہم  کے لیے انہوں نے نا سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی سے رقم لی اور نا ہی یونس حبیب یا ا ن کے کسی نمائندے سے کوئی پیسہ وصول کیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اس بارے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو 14 ستمبر 2015 کو بیان ریکارڈ کرا چکے ہیں، سابق وزیراعظم کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب چار صفحات پر مشتمل ہے جس میں ایک صفحے پر بیان حلفی موجود ہے جبکہ باقی تین صفحات پر جواب لکھا گیا ہے۔

بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ اس بیان میں جو بھی حقائق پیش کیے گئے ہیں وہ نوازشریف کے علم میں ہیں اور وہ ان کی پوری تصدیق کرتے ہیں، کیس کی اگلی سماعت 12 جون 2018 کو ہوگی۔

اصغرخان کیس:

اصغرخان کیس میں نواز شریف پرالزام ہے کہ 1990 کی انتخابی مہم کے لیے آئی ایس آئی نے انہیں 25 سے 35 لاکھ روپے کی رقم دی تھی تاہم سابق وزیراعظم کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی جاتی رہی ہے، مذکورہ مقدمے کی گزشتہ سماعت پر عدالت نے 21 سویلین کو نوٹس جاری کیے تھے جن میں نواز شریف بھی شامل تھے۔


متعلقہ خبریں