پِچ پر چاچا بھتیجا نے بھرپور ساتھ دیا، افتخار کا بابر کے ساتھ پارٹنر شپ پر تبصرہ


ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں نیپال کے خلاف سنچری بنانے والے قومی کرکٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ نمبر 6 پوزیشن پر سنچری کرنا مشکل ہوتا ہے، ون ڈے کی پہلی سنچری پر بہت خوش ہوں۔

پاکستان اور نیپال کے خلاف گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کے ہیرو افتخار احمد نے پوسٹ میچ پریس کانفرنس میں جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے میچ کی صورتحال ہوتی ہے اس کے مطابق کھیلتا ہوں۔ نیپال کی ٹیم اچھی ہے، جب ہی وہ ایشیا کپ کھیل رہی ہے۔

افتخار احمد کا کہنا تھا کہ بابر اعظم، رضوان، امام الحق اور فخر زمان میچ کو بہت گہرائی میں لے کر جاتے ہیں۔ میرا نمبر عموماً 40 اوورز کے بعد آتا ہے، آج جلدی بیٹنگ آئی اور زیادہ اوور ملے تو سنچری ہوگئی۔

بابراعظم کے بعد افتخار نے بھی شاندار سنچری جڑ دی

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ پارٹنرشپ سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پِچ پر چاچا بھتیجا نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔ بھارت کے خلاف بھی میچ میں جیت کے سلسلے کو برقرار رکھیں گے۔ ایمانداری کے ساتھ کھیلیں گے اور اپنا 100 فیصد دیں گے۔

خیال رہے کہ افتخار احمد کو شائقین کرکٹ چاچائے کرکٹ کے نام سے جانتے ہیں۔ گزشتہ روز سے نیپال کے خلاف کیریئر کی پہلی شاندار سنچری کرنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر افتخار احمد ‘چاچا’ کے نام سے ٹرینڈ کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں