پی ٹی آئی نے ن لیگی ایم پی اے کو بن مانگے ٹکٹ دے ڈالا


ٹوبہ ٹیک سنگھ: پاکستان تحریک انصاف نے تبدیلی لانے میں جلد بازی اورلاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی سابق رکن صوبائی اسمبلی نازیہ راحیل کے لیے بن مانگے ٹکٹ جاری کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے حلقہ پی پی 122 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر دو مرتبہ ممبر صوبائی اسمبلی رہنے والی خاتون نازیہ راحیل کو ٹکٹ دے دیا۔

متعلقہ خبر: تحریک انصاف امیدواروں میں عمررسیدہ اور نئے شامل ہونے والوں کی بڑی تعداد

ٹکٹ ملنے پر لیگی رہنما نازیہ راحیل نے حیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں حیران ہوں کہ بنا درخواست دیے مجھے کیوں اور کیسے ٹکٹ دیا گیا ہے۔

ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نازیہ راحیل نے ٹکٹ جاری ہونے کو اپنے خلا ف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرا نام خراب کرنے کے لیے پی ٹی آئی کی لسٹ میں ڈالا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے گزشتہ دو انتخابات مسلم لیگ ن کے ٹکٹ سے جیتے ہیں اور عام انتخابات 2018 کے لیے بھی مسلم لیگ ن ہی کے ٹکٹ کے لیے درخواست دی ہوئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں: پی ٹی آئی کی تبدیلی موروثیت سے شکست کھا گئی

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 84 کی ٹکٹ پر بھی یوٹرن سامنے آیا ہے۔ تحریک انصاف نے اس نشست پر ڈاکٹر عامرعلی کو نامزد کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے اور اب یہ ٹکٹ چودھری بلال اعجاز کو دیا جائے گا۔

خیبرپختون خوا کے حلقہ پی کے 73 سے پاکستان تحریک انصاف نے کسی کو بھی ٹکٹ جاری نہیں کیا جس پر کارکن میدان میں آگئے ہیں۔ ان حالات میں پی ٹی آئی رہنما زاہد مومند نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں