راولپنڈی، روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ

Roti-naan

نان بائی ایسوسی ایشن پاکستان کی جانب سے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا گیا، 20 جولائی سے خمیری روٹی 30 روپے کی ملے گی۔

تفصیلات کے مطابق نان بائیوں نے گندم، فائن آٹا، آٹا اور میدے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد روٹی، نان اور پراٹھے کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔ اضافے کا اطلاق 20 جولائی سے ہوگا۔

اس حوالے سے ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر شفیق قریشی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 20 جولائی سے پتیری سرخ آٹے کی روٹی پانچ روپے اضافے سے 25 روپے، خمیری روٹی 30 روپے جبکہ نان 35 روپے کا ملے گا۔

لاہور میں آٹا چکی مالکان نے قیمت میں 10 روپے اضافہ کر دیا

شفیق قریشی کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے کے دوران سرخ آٹے کی بوری اضافے کے ساتھ 12450 روپے، فائن آٹا بوری 12900 روپے، میدہ کی بوری 12950 روپے کردی گئی ہے۔ آئندہ ہفتے اس قیمت میں مزید 200 سے 500 روپے کا اضافہ متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نان اور روٹی کی قیمت میں اضافے کے بعد اگر کسی بھی تنور کے خلاف کارروائی کی گئی تو شٹر ڈاون ہڑتال کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں