پوسٹل بیلٹ پیپرز دس جولائی تک حاصل کیے جا سکیں گے


اسلام آباد: آئندہ عام انتخابات کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز پانچ  اور دس جولائی تک حاصل کیے جا سکیں گے۔

الیکشن کمیشن نے سرکاری ملازمین اور افواج پاکستان کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے حصول کی آخری تاریخ  پانچ جولائی مقررکی ہے جبکہ انتخابی عملے اور پولیس اہلکاروں کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز حاصل کرنے کی آخری تاریخ دس جولائی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پوسٹل بیلٹ پیپرز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ اور متعلقہ ریٹرننگ افسران سے حاصل کیے جاسکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے سے باہر ڈیوٹی پرمامورسرکاری ملازمین، افواج پاکستان، پریذائیڈنگ، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران، پولیس اہلکاراور معذور افراد پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے اپنے حلقے میں ووٹ پول کرسکیں گے، پوسٹل بیلٹ پیپرز حاصل کرنے  والا  ووٹر پولنگ اسٹیشن پر ووٹ  نہیں ڈال سکے گا۔

25 جولائی 2018 کو ملک بھر میں عام انتخابات ہو رہے ہیں جس میں دو ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری کیا جا چکا ہے اور سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دیے گئے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں