ترکیہ نے سویڈن کی نیٹو رکنیت کیلئے حمایت کر دی، نیٹو سربراہ


برسلز: نیٹو سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ ترکیہ نے سویڈن کی نیٹو رکنیت کے لیے حمایت کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے فوجی اتحاد میں شمولیت کے لیے سویڈن کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طیب اردگان ترک پارلیمنٹ سے سویڈن کی حمایت کی توثیق کو یقینی بنائیں گے۔

سویڈن کے وزیر اعظم الف کرسٹرسن نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش ہوں، یہ سویڈن کے لیے اچھا دن ہے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ وہ صدر اردگان کی جانب سے تیزی سے توثیق کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کسی کو پاکستان کیلئے خطرہ بننے کی اجازت نہیں دیں گے، طالبان

واضح رہے کہ ترکیہ نے اس سے قبل نیٹو میں شمولیت کی سویڈن کی درخواست کو بلاک کر رکھا تھا اور اس پر کرد عسکریت پسندوں کی میزبانی کا الزام لگایا تھا۔ ترکیہ اور ہنگری اس وقت نیٹو کے صرف 2 رکن ہیں جو ابھی تک سویڈن کی رکنیت کی درخواست کی توثیق نہیں کر سکے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز ترک صدر رجب طیب اردگان نے اپنے ملک کی یورپی یونین میں شمولیت کے بدلے میں سویڈن کی نیٹو میں رکنیت کی کوشش کی توثیق کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر یورپی یونین کے حکام نے یہ مطالبہ مسترد کرتے ہوئے فوری طور پر کہا کہ یہ 2 الگ الگ معاملے ہیں۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں