عالمگیر ترین صاحب سے آخری بات حج پر جانے سے پہلے ہوئی تھی، محمد رضوان


قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان نے بتایا کہ انکی عالمگیر ترین سے آخری بات گزشتہ ماہ حج پر جانے سے قبل ہوئی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ویڈیو میں رضوان نے جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کی موت پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘عالمگیر ترین صاحب اللہ کے پاس چلے گئے ہیں جو سب کیلئے ایک افسوسناک خبر ہے۔’

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ عالمگیر ترین نہ صرف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سطانز کے مالک تھے بلکہ ایسے بہت سے کام ہیں جو وہ پاکستانیوں کی خدمت کیلئے کر رہے تھے۔ جو کام وہ کر رہے تھے، میں ذاتی طور پر ان کاموں کو جانتا ہوں۔

عالمگیر ترین کی نماز جنازہ ادا، لاہور میں سپرد خاک

قومی کرکٹر نے عالمگیر ترین کے ساتھ ہونے والے آخری رابطے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘جب ہماری ٹیم حج پر جارہی تھی تب ان سے آخری بات ہوئی تھی۔ میں نے ان سے آخری وقت میں حج پر ساتھ چلنے کی درخواست کی تھی۔’

محمد رضوان نے بتایا کہ عالمگیر ترین نے میری درخواست پر کہا کہ ابھی کافی کم وقت بچا ہے، اگلی مرتبہ آپ لوگوں کے ساتھ حج پر جاؤں گا۔

قومی کرکٹر نے عوام سے عالمگیر ترین کی مغفرت کیلئے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔


متعلقہ خبریں