کینیڈین حکومت کا فیس بک کو اشتہارات روکنے کا فیصلہ


اوٹاوا: کینیڈین حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک کے اشتہارات روکنے کا فیصلہ کر لیا۔

کینیڈا کے ثقافتی ورثہ کے وزیر پابلو روڈ ریگیز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ہم نے فیس بک پر کینیڈا کے سرکاری اشتہارات کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم میٹا کو اشتہارات کی مد میں مزید ڈالر کی ادائیگی اس وقت تک نہیں کر سکتے جب تک وہ کینیڈا کی خبر رساں تنظیموں کو ان کا منصفانہ حصہ ادا نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ کینیڈین حکومت اور میٹا کے درمیان سوشل میڈیا کے حوالے سے گزشتہ چند ماہ سے کشیدگی جاری ہے اور گزشتہ ماہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے کینیڈین صارفین کے لیے خبروں تک رسائی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد کینیڈا میں فیس بک اور انسٹا گرام سے خبریں ہٹا دی گئی تھیں۔

کینیڈین حکومت کی جانب سے ایک بل بھی منظور کیا گیا تھا جس میں سوشل میڈیا کمپنی کو کینیڈا کی خبریں شیئر کرنے پر معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا تھا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے بھی آن لائن مواد کے حوالے سے دونوں پلیٹ فارمز پر الزام عائد کیا تھا کہ یہ دیگر میڈیا اداروں کا مواد مفت میں پلیٹ فارم پر شیئر کرکے ادارے کی رقوم ہتھیا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں