پاکستانی مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی


برطانیہ نے پاکستان سمیت پینسٹھ ملکوں کیلئے نئی ٹریڈنگ اسکیم پرعملدرآمد کا آغاز کر دیا، پاکستان کی چورانوے فیصد مصنوعات کو برطانوی مارکیٹ تک ڈیوٹی فری رسائی مل گئی۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جی ایس پی کی جگہ نئی ٹریڈنگ اسکیم کے تحت پاکستان کو برطانیہ کیلئے برآمدات میں بڑی سہولت مل گئی،پاکستان کو ٹیرف کی مد میں 12 کروڑ برطانوی پانڈ کی بچت ہو گی۔

اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے ہیومن اورلیبررائٹس پرعمل درآمد یقینی بنانا ضروری ہے۔نئی اسکیم کے تحت پاکستان، برطانیہ کو 94 فیصد مصنوعات ڈیوٹی فری ایکسپورٹ کر سکے گا جبکہ مزید 156 مصنوعات پر بھی ٹیرف ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

برطانیہ کا 10 پاؤنڈ میں وزٹ ویزے کا اجرا

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کا موجودہ حجم 4.4 ارب پاونڈ ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔نئی اسکیم سے پاکستان سمیت 65 ملکوں کو فری اینڈ فیئر ٹریڈ کا موقع ملے گا۔

اصلاحات کے ذریعے تجارت کے معیار میں بہتری آئے گی، برطانوی ٹریڈ سینٹر کے ذریعے عالمی تجارتی نظام میں شمولیت کا موقع ملے گا۔برطانوی ہائی کمیشن حکام کے مطابق نئی اسکیم پاکستان اور برطانیہ کیتجارتی تعلقات میں بڑی پیش رفت ہے۔

اس سے پاکستان کی برطانیہ کیلئے برآمدات میں اضافے کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات بھی مستحکم ہوں گے۔ نئی اسکیم سے37 افریقی اور 26 ایشیائی ملکوں کو فائدہ ہو گا۔ ان ملکوں کی برطانیہ کو مجموعی برآمدات کا حجم 21 ارب پانڈ ہے۔


متعلقہ خبریں