کیا پی ایس ایل کا سیزن فور پاکستان میں ہوگا؟


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سے قبل متحدہ عرب امارات میں دیگر لیگز کے انعقاد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس سے متعلق لائحہ عمل مرتب کرنا شروع کر دیا ہے۔

پی ایس ایل فور کا پورا سیزن پاکستان میں یا کسی اور مقام پر کرانے کے بارے میں حتمی فیصلے کا اعلان 12 جون کو کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل تمام فرنچائز کو اعتماد میں لینا چاہتی ہے۔ بورڈ اور فرنچائز مالکان کے درمیان پیر کو ملاقات کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پی ایس ایل فور سے ایک ماہ قبل تک دیگر لیگز نا کرانے کی پی سی بی درخواست پر عملدرآمد نہیں کیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

رواں برس اپریل میں پی سی بی نے امارات کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ پی ایس ایل سیزن فور سے ایک ماہ قبل امارات میں دیگر لیگز منعقد نہ کرائی جائیں۔

مزید جانیں: پی ایس ایل فور کی کامیابی کے لیے نئی حکمت عملی زیر غور

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عندیا دیا تھا کہ یو اے ای نے درخواست پر عمل نہ کیا تو سیزن فور کو ملائشیا منتقل کیا جاسکتا ہے۔

امارات کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے رواں برس دسمبر سے جنوری تک اپنی ٹی 20 لیگ کرانے کا اعلان کردیا ہے۔

اس سے قبل افغانستان کرکٹ بورڈ بھی اکتوبر 2018 میں اپنی ٹی 20 لیگ امارات میں منعقد کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ٹی 10 لیگ بھی نومبر 2018 میں یو اے ای میں ہی ہونی ہے۔


متعلقہ خبریں