پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ن لیگ کے سینیئر رہنما شاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کیلئے انہیں لندن بلوالیا۔
روزنامہ ایکسپریس کے مطابق نواز شریف کی جانب سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کرکے تحفظات دور کرنے کیلئے لندن میں ملاقات کی دعوت دی گئی۔ نواز شریف کی طرف سے پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے نواز شریف نے رابطہ کیا۔
شاہد خاقان عباسی نے ن لیگ چھوڑنے سے متعلق خبروں پر اپنا ردعمل دے دیا
خیال رہے کہ نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ہونے والے مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس میں لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل شریک نہیں ہوئے تھے۔ دونوں لیگی رہنما دعوت کے باوجود اجلاس میں شامل نہیں ہوئے تھے۔
دوسری طرف گزشتہ روز شاہد خاقان عباسی کی طرف سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا گیا تھا۔ استعفیٰ آذربائیجان سے بین الحکومتی بنیادوں پر لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی خریداری کے معاملے پر اختلاف کے باعث دیا گیا۔