میئر کراچی کے انتخاب کا ضابطہ اخلاق جاری

فوٹو: فائل


کراچی: الیکشن کمیشن نے میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے انتخابات کا ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کے حوالے سے تیار کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق 15 جون کی صبح ساڑھے 10 بجے ہال کے دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔

میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے ہو گا اور ووٹرز کے نام اردو حروف تہجی کے اعتبار سے پکارے جائیں گے۔ پہلے میئر اور پھر ڈپٹی میئر کا انتخاب  ہو گا۔

پولنگ اسٹیشن میں میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے انتخابات میں ووٹر کے موبائل فون لانے پر پابندی ہو گی جبکہ پولنگ ہال میں داخل ہونے کے لیے ارکان کو لازمی اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا ہو گا اور پولنگ اسٹیشن میں انتخابی مہم چلانے پر بھی پابندی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: جواد سہراب ملک وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ تعینات

امیدوار کے حق میں آنے والے ووٹرز کو ایک جانب کر کے شمار کیا جائے گا جبکہ شو آف ہینڈ کے ذریعے شمار کے ساتھ مخصوص رجسٹر میں بھی اندراج ہو گا، ہال میں موجود افراد کی حمایت کی بنیاد پر جیت کا فیصلہ ہو گا۔

پولنگ اسٹیشن کے اندر ہنگامہ کرنے اور رکاوٹ ڈالنے پر بھی کارروائی ہو گی۔ پولنگ اسٹیشن کے 400 میٹر کے دائرے میں انتخابی مہم چلانا غیر قانونی ہو گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار اور پولنگ ایجنٹ نظریہ پاکستان، عدلیہ اور آرمڈ فورسز کیخلاف کسی رائے سے گریز کے پابند ہوں گے۔


متعلقہ خبریں