مسلم لیگ ن نے لوگوں کو گمراہ کیا، ہم نیوز ایکسٹرا میں سیاسی رہنماؤں کا الزام


اسلام آباد: سیاسی رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان کو پانی کی قلت کا سامنا ہے اس لیے کالا باغ  ڈیم  بے حد ضروری ہے، افطار اور سحری میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن نے لوگوں کو گمراہ کیا۔

ہم نیوز کے پروگرام ہم نیوز ایکسٹرا میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ٹرانسمیشن لائن تبدیل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی اور صرف بجلی پیدا کرنے کی کوشش کرتی رہی، اب پرانی ٹرانسمیشن لائن کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں غلط بیانی کے علاوہ کچھ نہیں کیا، ملک میں حکومت کو بجلی کے مسئلے پر ایمرجنسی نافذ  کر کے کام کرنا چاہیے تھا لیکن ایسا  نہیں کیا گیا، نندی پور پراجیکٹ پر ایک نااہل شخص کو سربراہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز پر کام کرنا ضروری تھا جو نہیں کیا گیا البتہ اگر ہم اقتدار میں آئے تو ٹرانسمیشن لائنز پر ہی کام کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے  پر انتخاب جیتا تھا لیکن وہ ایسا نہیں کرسکے، مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں لوگوں کو صرف گمراہ ہی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قبائلی علاقوں میں شمسی توانائی سے کام لیا جا رہا ہے، پنجاب میں دو دو سو ارب روپے کی ٹرین تو بنا ڈالی لیکن بجلی پر مستقل کام نہیں کیا گیا۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے دعویٰ کیا کہ کے الیکٹرک نے کراچی میں مزید لوڈ شیڈنگ کی دھمکی دی ہے اور کے الیکٹرک کا سندھ حکومت سے کوئی لینا دینا نہیں، حکومت کو اربوں کھربوں روپے کے منصوبے چھوڑ کر بجلی کی طرف توجہ دینی چاہیے۔

قادر خان مندوخیل نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کی کہ وہ کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیں۔

ہم نیوز ایکسٹرا میں قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے رکن سینیٹر فدا محمد بھی موجود تھے، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو افطاری اور سحری کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مسلم لیگ ن بتائے کہ اُس نے کیا کیا ہے ؟ مسلم لیگ ن نے صرف وعدے کیے ہیں کام کچھ بھی نہیں کیا۔

 


متعلقہ خبریں