اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نے روکنے کی پوری کوشش کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد سے لاہور روانگی کے دوران اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے ہمیں روکنے کی پوری کوشش کی لیکن اللہ کا کرم ہے ہم لاہور کے لیے نکل چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی نے ہمیں 3 گھنٹے روکے روکھا اور کہتا رہا کہ باہر بہت خطرہ ہے لیکن پھر میں نے اسے کہا کہ میں پورے پاکستان کو بتاؤں کہ تم نے مجھے اغوا کر رکھا ہے اور پھر میرے دباؤ کے بعد ہمیں عدالت سے نکلنے کی اجازت ملی۔
یہ بھی پڑھیں: ثبوت موجود ہیں، عبرتناک سزا دیں گے، مریم اورنگزیب
عمران خان نے کہا کہ ہم لاہور کے لیے نکلے تو سڑکیں خالی پڑی ہوئی تھیں اور کسی قسم کا خطرہ نہیں تھا، اب میں 3 گھنٹے تک لاہور پہنچ جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے راستے میں جو لوگ استقبال کے لیے کھڑے تھے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔