پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کے عمل کی مخالفت کرتا ہوں، بلاول بھٹو


وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں کسی سیاسی جماعت پر پابندی کی حمایت کرنے والا آخری شخص ہوں گا، پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کے عمل کی مخالفت کرتا ہوں۔

پریس کانفرس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کب کالعدم قرار دیا جائے گا، یہ ایک مشکل سوال ہے۔ میری کوشش ہے کہ ہم پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کی طرف نہ جائیں۔

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اپیل، سپریم کورٹ میں سماعت مقرر

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا۔ قائداعظم ہاؤس پر ایک حملہ بی ایل اے نے کیا جبکہ دوسرا لاہور میں پی ٹی آئی نے کیا۔ یہ پہلی بار نہیں، پی ٹی آئی نے آئین کی ہر بار خلاف ورزی کی۔ پی ٹی آئی کے اپنے ممبر نے ان پر چارج شیٹ ڈالا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پُرتشدد احتجاج پر حکومت اور فوج نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ قانون پر عمل ہوا تو آئندہ کوئی سیاسی جماعت قانون نہیں توڑے گی۔ پیپلز بس سروس، واٹر بورڈ گاڑی اور ریڈیو پاکستان کا کیا قصور تھا؟ جنہوں نے جوکچھ کیا اس کا حساب تو دینا پڑے گا۔

آئی ایم ایف کا عمران خان کی گرفتاری پر تبصرہ کرنے سے گریز

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں تو جیالوں نے ایک پتھر بھی نہیں اٹھایا۔ پیپلز پارٹی کے سربراہ کو پھانسی دی گئی لیکن ہم نے فوج پر حملہ نہیں کیا۔ ہم نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا اور اپنے لوگوں کو روکا۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میں نے خبردار کیا تھا کہ آپ پنجاب کا الطاف پیدا کر رہے ہیں۔ جو ماضی میں ہوا ہے اب بھی ہوسکتا ہے۔ پی ٹی آئی کو پیغام ہے اگر جمہوریت چلے گی تو آپ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں