الیکشن 2018: سندھ میں سیاسی جماعتوں کیلئے ہدایات جاری

الیکشن 2018: سندھ میں سیاسی جماعتوں کیلئے ہدایات جاری | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: عام انتخابات 2018 کےلیے انتخابی مہم کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ  نے خصوصی اجلاس کے بعد سیاسی جماعتوں کے لیے رہنما ہدایات جاری کردی ہیں۔

گائیڈ لائنزصوبائی محکمہ داخلہ کے اجلاس کے بعد جاری کی گئیں جس میں وزیرداخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور تمام سیکیورٹی اداروں کےنمائندوں نے شرکت کی۔ حکام کے مطابق رہنما ہدایات جاری کرنے کا مقصد سیاسی جماعتوں کےجلسے، کارنرمیٹنگز اور سیاسی رہنماؤں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جاری کردہ ہدایات میں سیاسی رہنماؤں کو پابند کیا گیا ہے کہ نفرت انگیز تقاریر نہیں کریں گے ۔ سیاسی جماعتوں کو جھنڈے اور بینرز کسی بھی پرائیوٹ پراپرٹی  پر لگانے اور  وال چاکنگ کی اجازت نہیں دی جائےگی۔

سیاسی جماعتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کارنر اور چھوٹی میٹنگز کے لیے ایس ایس پی سے اجازت طلب کریں جب کہ بڑے جلسوں اور جلوسوں کےلیے ایس ایس پی اور متعلقہ علاقوں کےڈپٹی کمشنرز سے اجازت لینا ہوگی۔

گائیڈ لائنز میں سیاسی جماعتوں کو پابند کیا گیا ہے کہ جلسے سے تین روز قبل بذریعہ درخواست اجازت طلب کریں۔ درخواست میں جلسے اور ریلی کا مقام اور وقت واضح کرنا ہوگا۔ بغیر اجازت مقام بدلنے کی صورت میں منتظمین اور سیاسی جماعت کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔

جلسہ منتظمین کوخاص انتطامات کرنے ہوں گے تاکہ عوام اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کی سیکیورٹی پارٹی کی اپنی ذمہ داری ہوگی۔


متعلقہ خبریں