ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی نے سعودی عرب کے فٹبال کلب کے ساتھ معاہدے پر رضامندی ظاہر کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لیونل میسی نے فرانسیسی کلب کو خیربار کہنے کا فیصلہ کر لیا۔ انہیں سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال نے سالانہ 93 ارب روپے سے زائد کی پیشکش کی ہے۔
معروف فٹبالر لیونل میسی اور سعودی کلب الہلال میں معاہدہ جلد متوقع ہے تاہم میسی اس وقت فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیل رہے ہیں اور پی ایس جی نے گزشتہ دنوں سعودی عرب میں چھٹیاں منانے پر لیونل میسی کو 2 ہفتوں کے لیے معطل کر دیا تھا۔
میسی پر سعودی عرب میں سیاحت کے سفیر کے طور پر ذمہ داری نبھانے پر کلب کی جانب سے ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ کلب کی جانب سے معطلی پر خدشہ تھا کہ لیونل میسی معاہدے کی تجدید نہیں کریں گے اور کسی دوسرے کلب کے لیے کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی فٹبال کلب الہلال نے میسی کو تاریخ کے سب سے زیادہ معاوضے کے معاہدوں میں سے ایک کی پیشکش کی ہے جبکہ 2021 میں میسی نے پی ایس جی کے ساتھ 2 سال کا معاہدہ کیا تھا جو رواں برس ختم ہوجائے گا۔