2023-24 کیلئے کپاس کا پیداواری ہدف مقرر

cotton

سال دو ہزار تئیس اور چوبیس کیلئے کپاس کا پیداواری ہدف ایک کروڑ ستائیس لاکھ ستر ہزار گانٹھیں مقرر۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب کیلئے تراسی لاکھ چھتیس ہزار، سندھ کیلئے چالیس لاکھ گانٹھوں کی پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ہدف میں سے بلوچستان کیلئے چار لاکھ تیس ہزار اور خیبرپختونخوا کیلئے چار ہزار گانٹھوں کی پیداوار کا تخمینہ مختص کیا گیا ہے۔

ہدف کے تحت کپاس کا زیر کاشت رقبہ کا کل ہدف اڑسٹھ لاکھ چونتیس ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ زیر کاشت رقبہ میں سے پنجاب کا انچاس لاکھ چھیاسی ہزار، سندھ کا سولہ لاکھ انسٹھ ہزار ایکڑ رقبہ مقرر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخواہ کا پانچ ہزار اور بلوچستان کا ایک لاکھ اکاسی ہزار ایکڑ رقبہ کپاس کی کاشت کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔

کاٹن کمشنر ڈاکٹر زاہد محمود کے مطابق انشاء اللہ سال دو ہزار تئیس چوبیس کپاس کی بہتری کا سال ہوگا۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے مطابق کیلنڈر سال دو ہزار بائیس تئیس کے دوران کپاس کی چھیالیس لاکھ بارہ ہزار گانٹھوں سے زیادہ پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس سے پچھلے سال کے دوران تہتر لاکھ سے زائد کپاس کی گانٹھوں کی پیداوار ہوئی تھی۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے مطابق کیلنڈر سال دو ہزار اکیس بائیس کی نسبت دو ہزار بائیس تئیس میں کپاس کی پیداوار کا شارٹ فال سینتیس اعشاریہ تئیس فیصد رہا۔ گزشتہ سال مون سون کی شدید بارشوں اور ندیوں کے سیلاب کو کپاس کی پیداوار میں کمی کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں