نجم سیٹھی کا بیان ، شاہد آفریدی کا ردعمل آگیا


سابق کرکٹر و سابق عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنی ٹوئٹ میں شاہد آفریدی کا کہنا تھاکہ بابراعظم کی کپتانی سے متعلق نجم سیٹھی سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے تصدیق کی کہ بابراعظم کی کپتانی کی بات کرتے ہوئے میرا حوالہ نہیں دے رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔ بابراعظم اور ٹیم کےلیے نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز کےلیے نیک خواہشات ہیں۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک انٹرویو کے دوران نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ میں بغیر کسی کا نام لیے کچھ باتیں بتانا چاہتا ہوں۔ جب میں بطور چیئرمین پی سی بی آیا تو ہم نے ایک کمیٹی بنائی۔ اس دوران نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ٹیم کی ایک سیریز چل رہی تھی۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ اس وقت کے سلیکٹرز نے اپوائنٹ ہونے سے پہلے کہا کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کرنی پڑیں گی جس میں بابر اعظم کو بھی تبدیل کرنا پڑے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ جیسے ہی وہ سیلکٹر اپوائنٹ ہوگئے، انہوں نے اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلیوں کی ضرورت نہیں۔ میں نے بھی کہا کہ مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں