رواں ماہ کے دوران ہونڈا بائیکس کی قیمتوں میں دوسری مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد ہونڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے ہوگئی۔
پاکستان میں گاڑیوں کے حوالے سے سب سے بڑی ویب سائٹ پاک وہیلز کے مطابق تمام ہونڈا بائیکس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ہونڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمت 5 ہزار روپے کے اضافے کے بعد ڈیڑھ لاکھ روپے تک جاپہنچی ہے۔ سی ڈی 70 کی پرانی قیمت 1 لاکھ 44 ہزار 900 روپے تھی۔
جاپانی برینڈ ایٹلس ہونڈا کی دوسری مشہور ترین موٹر سائیکل سی جی 125 کی بات کی جائے تو اس کی نئی قیمت 2 لاکھ 22 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔
اس سے قبل سی جی 125, 2 لاکھ 14 ہزار 900 روپے میں دستیاب تھی۔ اسی طرح ہونڈا سی جی 125 ایس ای 2 لاکھ 65 ہزار 900 روپے جبکہ ہونڈا سی بی 150 ایف کی نئی قیمت 4 لاکھ 58 ہزار 900 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ہونڈا سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 1 لاکھ 55 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر 1 لاکھ 60 ہزار 900 روپے جبکہ ہونڈا پرائیڈر کی قیمت 7 ہزار 400 روپے کے اضافے کے بعد 1 لاکھ 97 ہزار 900 روپے تک جاپہنچی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق پہلی اپریل 2023 سے ہوگا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ہی ہونڈا بائیکس کی قیمتوں میں 7 ہزار سے 25 ہزار تک کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔