لارڈز کا حساب لیڈز میں برابر، پاکستان کو ایک اننگز 55 رنز سے شکست


لندن: لیڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز 55 رنزسے شکست  دے دی ہے، اس طرح انگلینڈ کو انگلینڈ میں ہرانے کا پاکستان کا خواب چکنا چور ہو گیا ہے اور پاکستان اورانگلینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔

میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو شروع سے ہی کھلاڑیوں نے نہایت کمزور کھیل پیش کیا، اوپنر اظہر علی تو محض 11 رنز ہی بنا سکے لیکن ان کے بعد آنے والے بیٹسمین بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

حارث سہیل آٹھ، اسد شفیق پانچ، کپتان سرفراز احمد آٹھ اور شاداب خان صرف چار رنز بنا کرآؤٹ ہوئے، اوپنر امام الحق اور ون ڈاؤن آنے والے بیٹسمین عثمان صلاح الدین بمشکل 30 کا ہندسہ عبور کرسکے۔

لیڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی پہلی اننگز میں 174 رنز کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 363 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اوراسے 189 رنز کی واضح برتری حاصل ہوئی۔

انگلینڈ کے جوز بٹلر اور سیم کرن نے  سات وکٹوں کے نقصان پر 302 رنزسے نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو مجموعی اسکور میں 17 رنز کے اضافے کے بعد سیم کرن پویلین لوٹ گئے، سیم کرن 20 رنز بنا کرمحمد عباس کی گیند پراسد شفیق کو کیچ تھما بیٹھے جب کہ انگلش ٹیم کی نویں وکٹ اسٹورٹ براڈ کی گری جو دو رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے۔

آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اینڈرسن تھے جنہیں حسن علی نے پویلین کی راہ دکھائی اورانگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 363 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔

انگلش ٹیم کی جانب سے جوز بٹلر 80، ڈومینک بیس 49 اور الیسٹر کک 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے تین، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے دو، دو جب کہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اسے شروع  ہی سے مشکلات کا سامنا رہا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 20 کے مجوعی اسکور پر گری جب اظہرعلی گیارہ رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد حارث سہیل آٹھ، اسد شفیق پانچ، امام الحق 34، کپتان سرفراز آٹھ، شاداب خان چار، فہیم اشرف تین، عثمان صلاح الدین 33 اورحسن علی نو رنز بنا کرآؤٹ ہوگئے، اس طرح دوسری اننگزمیں پاکستان کی ٹیم صرف 134 رنز ہی بنا سکی۔

انگلینڈ کے ڈی ایم بیس نے شانداربالنگ کی اور تین کھلاڑیوں کو آوَٹ کیا۔

محمدعباس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے انہوں نے 2 میچوں میں دس وکٹیں حاصل کیں جبکہ 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر جوز بٹلر کو مین آف دی میچ  قرار دیا گیا۔


یہ فوری خبر ہے۔ مزید تفصیلات اور معاملے کے درست حقائق جاننے کے لئے اس صفحہ کو ریفریش کریں۔
متعلقہ خبریں