ایم کیو ایم کے عبدالرشید گوڈیل بھی پی ٹی آئی میں۔۔۔؟


اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عبدالرشید گوڈیل کی جانب سے آج پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق وہ ملاقات کے موقع پر ہی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

اس ضمن میں عبدالرشید گوڈیل کی جانب سے کوئی واضح بات نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق تین ماہ قبل بھی یہ خبریں گردش میں تھیں کہ وہ پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی عبدالرشید گوڈیل پر 18 اگست 2015 میں قاتلانہ حملہ ہوا تھا  جس کے بعد سے وہ اسلام آباد میں مقیم ہیں۔ عملاً سیاست سے انہوں نے کنارہ کشی اختیار کررکھی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب سے دو اور وکٹیں بھی گرادی ہیں۔

پنجاب کے ضلع لودھراں کی تحصیل کہروڑ پکا سے ملک اللہ دتہ واگھا اوراعجاز احمد واگھا تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں۔

اس سے قبل جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے ایم این اے سردار جعفرلغاری اورسابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ بھی پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔

عام انتخابات کے قریب آتے ہی سیاسی وفاداریاں بدلنے کا موسم عروج پر ہے۔  پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وکٹیں گرانے کا سلسلہ بھی تیزتر ہوگیا ہے۔


متعلقہ خبریں