الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گے، نواز شریف


لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی میں ترامیم پارلیمنٹ کی تمام جماعتوں کا متفقہ فیصلہ تھا، لاہور ہائی کورٹ کا سنگل بینچ اسے کالعدم قرار نہیں دے سکتا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارٹی ٹکٹ صرف مخلص اور وفادارلوگوں کو دیا جائے گا، اس حوالے سے ڈویژنل کمیٹیوں سے بھی امیدواروں کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی، اجلاس میں (ن) لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ نے مریم اورنگزیب کو پارٹی ترجمان مقررکردیا ہے۔

اس موقع پرسابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن میں تاخیر کے لئے مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے رویے پر بھی تحفظات ہیں کیونکہ ایک جانب اس نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روک دیا ہے اور دوسری جانب وہ انتخابات وقت پرکرانے کا بھی کہہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جوجماعتیں انتخابات موخر کرانا چاہتی ہیں وہ انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہو چکا ہے کہ مسلم لیگ ن ہی الیکشن جیت رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نون لیگ کے صدرشہبازشریف نے کہا کہ پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کا احتساب ووٹر کریں گے، پوری جماعت ‘ووٹ کوعزت دو’ کے بیانیے پر الیکشن میں جائے گی۔

مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ میں مریم نواز، خواجہ سعد رفیق، احسن اقبال، سائرہ تارڑ، رانا تنویر، مریم اورنگزیب، مشاہد حسین سید، عابد شیرعلی، برجیس طاہر، ملک پرویز اور امیر مقام سمیت دیگر پارٹی رہنما شریک ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کو ٹکٹ لینے کے لیے دو ہزار 475 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، پارلیمانی بورڈ دس جون تک اپنی سفارشات مکمل کرلے گا جب کہ پارٹی ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نوازشریف کریں گے۔


متعلقہ خبریں