اسلام آباد: پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے عید الفطر کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ یہ نوٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مقرر کردہ بینکوں سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
ہم نیوز کی جانب سے ذیل میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری کردہ وہ مکمل فہرست دی جا رہی ہے جس میں بینک برانچوں کے نام اور ان کے کوڈ نمبر دیے گئے ہیں۔اگر آپ بھی نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں تو ذیل میں دیے گئے طریقہ پر عمل کر کے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لئے اسٹیٹ بینک کی میسیج سروس
اپنے موبائل فون کے میسیج میں اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر لکھنے کے بعد اسپیس دیں اور اپنی قریبی بینک برانچ کا کوڈ لکھ کر 8877 پر سینڈ کر دیں۔
میسیج بھیجنے کے کچھ دیر بعد آپ کو اطلاع دی جائے گی کہ آپ نئے کرنسی نوٹ کس تاریخ کو حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پیغام کے ہمراہ آپ کو درخواست منظوری سے متعلق ایک کوڈ بھی جاری کیا جائے گا۔
اگر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی نئے کرنسی نوٹوں کے لیے جاری کردہ میسیج سروس آپ کو کہے کہ آپ کی منتخب کردہ بینک برانچ کی بکنگ کی حد پوری ہو چکی ہے تو قریب واقع کسی اور بینک کے کوڈ کے ساتھ اپنا شناختی کارڈ نمبر دوبارہ 8877 پر بھیج سکتے ہیں۔
مرکزی بینک کے مطابق نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لئے بھیجے گئے ہر پیغام کی قیمت ڈیڑھ روپیہ بمع ٹیکس ادا کرنا ہو گی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئے کرنسی نوٹوں کے لیے میسیج سروس کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ ایک موبائل نمبر اور ایک شناختی کارڈ پر ایک بار ہی نئے نوٹوں کے لیے درخواست کی جا سکتی ہے۔
نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لئے اسٹیٹ بینک کی میسیج سروس یکم تا 14 جون کے دوران استعمال کی جا سکتی ہے۔ نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کی درخواست کامیاب ہونے کی صورت میں کرنسی نوٹ بھی اسی عرصہ کے دوران جاری کیے جائیں گے۔
نئے کرنسی نوٹوں کے لیے اگر درخواست قبول کر لی جائے تو آپ زیادہ سے زیادہ 10 روپے کے کرنسی نوٹوں کی تین پیکٹ، 50 روپے کا ایک اور 100 روپے کے کرنسی نوٹوں کا ایک پیکٹ حاصل کر سکیں گے تاہم یہ دستیابی پر منحصر ہو گا۔
نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لیے بینک جاتے ہوئےاسٹیٹ بینک کے میسیج کے ہمراہ اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور اس کی ایک فوٹو کاپی ساتھ لے کر جائیں۔
[embeddoc url=”https://urduhumnews.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/06/LST-SMS-8877-Eid-2018.pdf” download=”none”]