اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے انتخابات مؤخر کرانے کے متعلق بلوچستان اسمبلی کی قرارداد مسترد کر دی ہے۔
سید خورشید شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی قرار داد کو سازش قرار نہیں دوں گا تاہم انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہیئں۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا نام واپس لینے پر انہوں نے عمران خان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ یوٹرن لینا عمران خان کی پرانی عادت ہے۔
سید خورشید شاہ نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان کرنے کے بعد نام واپس لینا ممکن نہیں، نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا اعلان ہو چکا ہے اب ڈیڈ لاک نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے پر ڈیڈ لاک جلد ختم ہو جائے گا۔